ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی کالج میں حجاب تنازع : "ہم پس پردہ سازش نہیں ، کھل کر قیادت کر رہے ہیں "۔ کیمپس فرنٹ نے جاری کی وضاحت  

اُڈپی کالج میں حجاب تنازع : "ہم پس پردہ سازش نہیں ، کھل کر قیادت کر رہے ہیں "۔ کیمپس فرنٹ نے جاری کی وضاحت  

Fri, 28 Jan 2022 19:34:48    S.O. News Service

منگلورو،28؍ جنوری  (ایس او نیوز) ایم ایل اے رگھوپتی بھٹ نے اڈپی گرلز پی یو کالج میں چل رہے حجاب تنازع  پر بولتے ہوئے کیمپس فرنٹ آف انڈیا پر نشانہ سادھا تھا اور کہا تھا کہ اس تنازع کو ہوا دینے کے لئے کچھ لوگ پس پردہ سازش کر رہے ہیں ۔ اس کے جواب میں کیمپس فرنٹ آف انڈیا کرناٹک اسٹیٹ کمیٹی نے وضاحتی پریس ریلیز جاری کی ہے اور کہا ہے کہ متاثرہ لڑکیوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے اس لئے انہیں انصاف دلانے کی جدوجہد میں کمپس فرنٹ آف انڈیا کی طرف سے کسی قسم کی پس پردہ سازش نہیں کی جا رہی ہے بلکہ ہم لوگ بالکل سامنے رہ کر کھلی قیادت کر رہے ہیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حجاب پہننے کے حق سے محروم کرتے ہوئے طالبات کے ساتھ مذہبی امتیاز اور تعصب برتا جارہا ہے ۔ انہیں کلاس روم سے باہر رکھنے کے علاوہ ان کی حاضری بھی نہیں لگائی جارہی ہے ۔ کالج انتظامیہ اور اساتذہ کی طرف سے ان طالبات کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ۔ اور انہیں ذہنی طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے ۔  یہ معاملہ اب قومی اور بین الاقوامی میڈیا کی سرخیوں میں آ گیا ہے ۔ حقوق انسانی کمیشن نے بھی اس غیر دستوری اقدام کے خلاف کالج اور حکومت کے ذمہ داروں کو نوٹس جاری کیا ہے۔ 

مزید کہا گیا ہے کہ ڈپارٹمنٹ آف انڈر گریجویٹ ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ کالج میں یونیفارم لازمی نہیں ہے ۔ اس لئے اگر کالج انتظامیہ اور پرنسپال اسے لازمی کرتے ہیں تو کیمپس فرنٹ آف انڈیا اس کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے تیار ہے ۔ مگر آج تو خود ڈپارٹمنٹ آف انڈر گریجویٹ ایجوکیشن کا رویہ بھی خود اپنی ہدایات اور رہنما اصولوں کے خلاف ہوگیا ہے ۔  ایسا لگتا ہے یہ ڈپارٹمنٹ سنگھ پریوار کا کٹھ پتلی بن گیا ہے اور فرقہ واریت پر مبنی مسلم مخالف پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

کیمپس فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی سیکریٹری صادق جارتّھار کی طرف سے جاری کیے گئے اس اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک طلبہ کو انصاف نہیں ملتا تب تک کیمپس فرنٹ آف انڈیا کی طرف سے اس مہم کی قیادت جاری رہے گی اور انہیں ہر طرح کی حمایت دی جائے گی۔ 


Share: